وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ خطے کی ترقی کیلئے مستحکم افغانستان ضروری ہے ۔ پڑوسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
تاشقند میں ازبک صدر کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام خطے کے مفاد میں ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔ علاقائی امن واستحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشتیں اورمعاہدے جلد حقیقت کاروپ دھارلیں گے، شاہراہ ریشم سےشروع ہونے والے تاریخی تعلقات کونئی بلندیوں تک لیکرجائیں گے، ازبکستان کوکراچی اورلاہورسےمنسلک کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی تاریخ سے مستفید ہونے کا موقع ملےگا، سیاحت کے شعبے میں بھی ملکر کام کریں گے، اقتصادی زونزمیں سرمایہ کاری کوممکن بنائیں گے، معدنیات کے شعبے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے ذریعے تجارت اہمیت کی حامل ہے، انتھک محنت سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا، ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل سے مستفیدہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معاشی شرح نمومیں اضافہ ہورہاہے، پالیسی ریٹ میں کمی سےسرمایہ کاروں کےاعتمادمیں اضافہ ہوا، پاکستان میں مہنگائی کی شرح38سے2.4فیصد پر لے آئے ہیں، ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پرکھڑا کیا، طویل ترین سفرکاآغازپہلےقدم سے ہوتا ہے جوہم نےاٹھالیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، انتھک محنت، پختہ عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے، نوازشریف کےدیےہوئےترقی کےویژن پرگامزن ہوں، میں پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے پر عزم ہوں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری،تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہےہیں، پاکستان اورازبکستان کےتعلقات کی طویل تاریخ ہے، پاکستان اورازبکستان کےدرمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔
اس موقع پر صدرازبکستان نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتاہوں، علاقائی وعالمی فورمزپرایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے، دونوں ممالک کےدرمیان تجارتی حجم2ارب ڈالر تک بڑھایاجائے گا، دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعلقات کے نئے باب کاآغاز ہورہا ہے۔
شوکت مرزیایوف نے کہا کہ بات چیت کے بعد دونوں ممالک نےمفاہمتی یادداشتوں،معاہدوں پردستخط کیے، دونوں ممالک میں سرمایہ کاری،تجارت سےمتعلق سیرحاصل گفتگوہورہی ہے، پاکستان کی ممتازکاروباری کمپنیاں دورہ تاشقند پرہیں، تاشقند اور لاہور کے درمیان باقاعدہ پروازیں دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مندہیں، دونوں ممالک کےتعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہورہاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل،مواقع سےفائدہ اٹھایاجائے گا روشن مستقبل کیلئےدونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے بہت اہم ہیں، دونوں ممالک کےدرمیان مفید گفتگو ہوئی۔
قبل ازیں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط ہوگئے، پاکستان اورازبکستان کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ ہوا، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی پاسپورٹس سے متعلق مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ ہوا۔ پاکستان اورازبکستان کے درمیان نوجوانوں کے امور سے متعلق ایم اویو کا تبادلہ ہوا، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معلومات کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا ہے۔