کشمیر وومن الرٹ فورم کے زیرِ اہتمام مظفرآباد میں سانحہ کنن پوش پورہ کی یاد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں حریت قیادت،سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق مقررین نے بھارتی فوج کی طرف سے خواتین کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھرپور مذمت کی۔ انھوں نے سانحہ کنن پوش پور سمیت دیگر سانحات کا حوالہ دے کر بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔
1990 سے لے کر اب تک ہزاروں خواتین جنسی زیادتی اور تشدد کا شکار ہوچکی ہیں، جبکہ بھارتی فوج اور نیم فوجی دستے ان جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی ۔
مقررین نے عالمی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء اور طالبات نے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے آگاہی پروگراموں کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔