پاکستان میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے غلطیوں کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔
تازہ ترین واقعہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان لاہور کے میچ سے قبل پیش آیا جہاں قومی ترانوں کے وقت افسوسناک صورتحال پیدا ہوئی اور ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے ڈی جے کو ترانوں کی غلط پلے لسٹ فراہم کی جس کی وجہ سے آسٹریلیا کے ترانے کی بجائے دوسرے ملک کا ترانہ بجنا شروع ہو گیا اور پھر اچانک بند کر دیا گیا۔
اس غلطی سے دونوں ٹیموں کے ترانے وقت پر نہ بج سکے جسے پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل دبئی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران براڈکاسٹ لوگو سے میزبان ملک پاکستان کا نام غائب تھا جس پر آئی سی سی نے معافی مانگتے ہوئے اسے تکنیکی غلطی قرار دیا تھا۔
تاہم ان مسلسل ناکامیوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) سخت نالاں ہے اور اس نے آئی سی سی سے تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کو ترانوں کی غلطی پر آئی سی سی کا سرکاری جواب ابھی تک موصول نہیں ہوا۔
شائقین بھی سوشل میڈیا پر آئی سی سی کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر تنقید کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ مستقبل میں ایسی غلطیوں سے بچا جائے۔