انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے اگلے میچز میں اپنی غلطیوں کو درست کریں۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ بین ڈکٹ نے شاندار اننگز کھیلی لیکن آسٹریلیا نے بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ ہدف کو عبور کیا۔
انگلش کپتان نے کہا کہ دوسری اننگز میں گیند بیٹ پر بہت اچھے سے آرہی تھی جس نے آسٹریلوی بیٹرز کے لیے حالات سازگار بنائے۔
بٹلر نے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے اور امید ہے کہ ہم آئندہ میچز میں شاندار کم بیک کریں گے۔
انہوں نے میچ کے نتیجے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار اچھا کھیلنے کے باوجود ٹیم کو شکست ہو جاتی ہے اور آج ہم نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن میچ ہار گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں اپنی غلطیوں کو درست کریں۔
انہوں نے آسٹریلیا کی جیت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایلکس کیری اور جوش انگلس کی شاندار پارٹنرشپ نے میچ کو ہمارے ہاتھ سے نکال دیا۔
بین ڈکٹ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے بٹلر نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے لیے تمام فارمیٹس میں شاندار کھیل پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید تھی کہ بین ڈکٹ آج ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی طرف سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔