حامد خان گروپ کے امیدوار آصف نسوانہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے۔
ہفتے کے روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کا انعقاد ہوا جس میں حامد خان گروپ کے امیدوار آصف نسوانہ اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل صدر کے عہدے کے لئے مدمقابل تھے۔
انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے امیداور آصف نسوانہ 7050 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل 6460 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
نائب صدر کی نشست پر عبد الرحمن رانجھا 8255 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ سیکرٹری کی نشست پر فرخ الیاس چیمہ نے 6 ہزار 833 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔
سیکرٹری فنانس کی نشست پر حام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔
بار کے الیکشن میں مجموعی طور پر 13 ہزار 602 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
انتخابی نتائج کے اعلان ہوتے ہی کامیاب اُمیدواروں کے حامی نوجوان وکلاء نے زبردست نعرہ بازی کی اور جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور کامیاب اُمیدواروں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔