عالمی ریٹنگ ایجنسی گولڈمین ساچز نے روپے کی قدر میں بہتری کو قلیل مدت قرار دیدیا۔
پاکستانی روپے کی قدر پر ریٹنگ ایجنسی گولڈمین ساچز نے بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا ہے کہ روپے کی قدر میں بہتری قلیل مدت کیلئے ہے۔
بلوم برگ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی الیکشن قریب آئیں گے، فنانسنگ کے خطرات کے سبب روپے کی قدر کم اور ڈالر مہنگا ہوگا۔
عالمی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں قلیل مدت کی بہتری انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مالی سپورٹ کی وجہ سے آئی ہے، روپے کی قدر میں قلیل المدت بہتری کی وجہ باہمی مالی سپورٹ بھی ہے۔
بلوم برگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن سے قبل روپے کی قدر میں بہتری کیلئے پریمیئم ضروری ہوگا۔
واضح رہے کہ ستمبر میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر انٹربینک میں 307 اور اوپن مارکیٹ میں 330 روپے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
حکومت نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کیخلاف کارروائیاں کی، اس دوران کئی شہروں میں کرنسی ایکسچینجز پر چھاپے مارے گئے، کئی منی ایکسچینج مارکیٹوں کو سیل بھی کیا گیا، جس کے بعد ڈالر سستا اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔
رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر تقریباً 27 روپے اور اوپن مارکیٹ میں لگ بھگ 50 روپے سستا ہوچکا ہے۔