چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں بیرسٹر گوہر، بیرسٹر علی ظفر، عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، بابر اعوان، لطیف کھوسہ سمیت دیگر شامل تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیخلاف ہماری چارج شیٹ تو بہت لمبی ہے لیکن عدلیہ سے بھی ہم زیادہ خوش نہیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایسا سلوک جمہوریت اور قانون کیلئے ٹھیک نہیں، ہماری تحریک ضرور چلے گی، دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، آئین کی سر بلندی کیلئے تحریک چلا رہے ہیں تاکہ ووٹ چوری نہ ہو۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے کرمنل جسٹس سسٹم میں بہتری کیلئے مفید تجاویز دیں اور علی ظفر نے لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے پالیسی پروپوزل پر تجاویز کیلئے وقت مانگا ۔
چیف جسٹس نے وفد کو وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی اپنی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم کو ٹیکس مقدمات کے زیرالتوا ہونے پر تشویش ہے۔
اعلامیے کے مطابق عمر ایوب نے کہا معاشی استحکام قانون کی حکمرانی سے ہی ممکن ہے جبکہ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کو متفقہ قومی ایجنڈا بنانے کی تجویز دی اور پی ٹی آئی وفد نے تسلیم کیا کہ عدلیہ کو اصلاحات کی ضرورت ہے۔