مراکش کے دورے کے دوران وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ۔ مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے فلسطین۔ مالدیپ، عمان اور بنگلہ دیش کے وزرا نے ملاقاتیں کیں۔ فلسطینی وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب سے ملاقات میں عبدالعلیم خان نے فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور ہر ممکن حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مراکش میں جاری گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ۔ مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب سے ملاقات ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے پاکستانی عوام کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کی اخلاقی۔ سفارتی اور ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
فلسطینی وزیر نے پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت کے تعاون کے معترف ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلسطین کو جلد آزادی عطا فرمائے۔
کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کی مالدیپ۔ عمان اور بنگلہ دیش کے وزرا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ عمان کے ڈپٹی منسٹر بریگیڈیئر جنرل علی الفلاحی اور بنگلہ دیش کے وزیر صنعت عادل الرحمن خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات میں پاکستان کے مواصلاتی شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزرا نے ذرائع نقل و حمل کی بہتری کے لیے دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی اور گلوبل منسٹریل کانفرنس کو سودمند قرار دیا۔