چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لائیو کوریج کے دوران ٹورنامنٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارت اور بنگلہ دیش میچ کی براہ راست نشریات کے دوران کچھ لوگوں نے آئی سی سی کی اہم غلطی کی جانب نشاندہی کروائی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں لائیو نشریات کے دوران براڈ کاسٹرز کی جانب سے ایونٹ کا لوگو نمایاں کیا جاتا ہے جس میں میزبان ٹیم کا نام ہمیشہ سے موجود ہوتا ہے لیکن بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ایسا نہ تھا۔
کراچی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے دوران لائیو نشریات میں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور اس کے نیچے میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام بھی موجود ہے۔ تاہم دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران ایسا نہ تھا، وہاں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو تو موجود تھا لیکن اس سے پاکستان کا نام غائب تھا۔
ترجمان آئی سی سی کا کہنا تھا کہ گرافکس کی غلطی تکنیکی وجہ سے ہوئی جو کہ آج سے درست ہوجائے گی جب کہ میچ کے دوران اس لوگو کو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میچ کے کلپس پر لوگو میں پاکستان کا نام موجود ہے، پاکستان کا نام صرف براڈ کاسٹ کے لوگو سے غائب رہا۔