آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی شاندار ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھرپور تیاری کی ہے اور ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے کارکردگی دکھانے کا موقع ہے۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے آسٹریلیا بڑے آئی سی سی ایونٹس میں پریشر کو اچھا ہینڈل کرتی ہے اور ہم بہت ہی ریلیکس ہیں اور میچ کیلئے تیاری کررہے ہیں،
اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں کچھ بڑے کھلاڑی شامل نہیں ہیں ، انگلینڈ بہت بہترین ٹیم ہے اور وائٹ بال کرکٹ اچھا کھیل رہی ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ ہمیں میچ کیلئے کیا کرنا ہے اور پلئنگ الیون کا اعلان ٹاس کے وقت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں، قذافی اسٹیڈیم اب اچھا ہوگیا امید ہے کل شائقین آکر میچ انجوائے کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی شاندار ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں جبکہ پاکستان جب سے آئے ہیں اچھے دن گزر رہے ہیں۔