افغانستان کے بیٹر رحمان اللہ گرباز نے کہا ہے کہ ہمیں ایسا لگا کہ آج اپنے گھر پر کھیل رہے ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے بعد مکسڈ زون میں گفتگو کرتے ہوئے افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا کہ ہم آج کے میچ کے لئے کراچی کے کراؤڈ کے بہت شکرگزار ہیں، وہ یہاں آئےخ ہمیں توقع نہیں تھی اتنے لوگ آئیں گے لیکن لوگوں کو دیکھ کر اچھا لگا اور ہمیں ان چیزوں کو مثبت لے کر آگے مزید بہتر کرنا ہے۔
افغان بیٹر کا کہنا تھا کہ کراچی کی پچ ہماری توقعات کے برعکس تھی کیونکہ ہم سمجھ رہے تھے کہ پچ سلو ہوگی لیکن ہمیں ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا ہے، کراچی میں اس طرح کی وکٹ ہوسکتی ہے۔
رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا لگا کہ آج اپنے گھر پر کھیل رہے ہیں، آج یہاں اچھا لگا اور امید ہے جلد افغانستان میں بھی کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کی ہر ٹیم کو ہرا چکے ہیں اس لیے ہماری کسی بھی جیت کو اپ سیٹ کہنا غلط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر رحمت شاہ کے ساتھ کوئی اور بیٹر ہوتا تو شاید ہم جیت جاتے اور اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اچھا کم بیک کرے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دی ہے۔