ایپل نے اپنی آئی فون 16 سیریز کے تحت ایک نیا اور سستا ماڈل آئی فون 16 ای متعارف کروادیا۔
یہ فون 19 فروری 2025 کو متعارف کرایا گیا اور اس میں ہوم بٹن شامل نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں اب ایپل کے تمام فونز ہوم بٹن سے آزاد ہوگئے ہیں۔
یہ نیا ماڈل 2022 کے آئی فون ایس ای کو تبدیل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو ایپل کا آخری فون تھا جس میں ہوم بٹن کے ساتھ ٹچ آئی ڈی فیچر شامل تھا۔
آئی فون 16 ای کے اجرا کے ساتھ ہی ایپل نے ایس ای سیریز کو بند کر دیا اور اسے آئی فون 16 کی رینج میں شامل کر لیا ہے۔
یہ فون ڈیزائن کے اعتبار سے آئی فون 14 سے مشابہت رکھتا ہے مگر فیچرز کے لحاظ سے یہ آئی فون 16 کے زیادہ قریب ہے۔
اس میں آئی فون 16 والی A18 چپ شامل کی گئی ہے اور اسے 6.1 انچ کا OLED ڈسپلے دیا گیا ہے البتہ اس کا پچھلا کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جو آئی فون 16 سے کم ہے لیکن ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ 2x زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ایپل کے مطابق یہ فون بیٹری کی مدت کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بہترین آئی فون ہے اور یہ ایک دفعہ چارج کرنے پر آئی فون 11 سے 6 گھنٹے اور 2016 کے آئی فون ایس ای سے 12 گھنٹے زیادہ کام کرتا ہے، اسے ان لاک کرنے کے لیے فیس آئی ڈی کی سہولت دی گئی ہے جبکہ چارجنگ کے لیے USB-C پورٹ شامل کیا گیا ہے۔
یہ فون iOS 18 کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور ایپل انٹیلی جنس ماڈل کو سپورٹ کرتا ہے جس کی وجہ سے صارفین AI فیچرز استعمال کر سکتے ہیں۔
اس کے سائیڈ پر ایک ایکشن بٹن بھی دیا گیا ہے لیکن اسے کیمرا کنٹرول کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، یوں یہ ایپل کا اب تک کا سب سے سستا AI سپورٹ والا آئی فون بھی بن گیا ہے۔
آئی فون 16 ای سفید اور سیاہ رنگوں میں 28 فروری 2025 سے مختلف ممالک میں فروخت کے لئے دستیاب ہوگا۔