بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے رمضان سے قبل پاکستان اور بھارت سے 20 افراد کو عمرے پر بھجوا دیا۔
بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ اللہ کی راہ میں رمضان المبارک سے قبل ایک چھوٹا سا نیک کام کررہی ہیں، 10 پاکستانی اور 10 بھارتی بہن بھائیوں کو عمرے پر بھیج رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت دبئی میں ہیں اور جن حضرات کو عمرے پر بھیج رہی ہیں انہیں احرام بھی دیں گی۔ راکھی نے بتایا کہ وہ پہلی بار ایسا کوئی کام کرنے جارہی ہیں اس لیے نروس ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ اللہ ان کے نیک کام کو قبول کرے۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ 3 بار عمرہ کرکے آئی ہیں تو انہوں نے اللہ سے کہا تھا کہ انہیں کوئی ذمہ داری دیں، یہ ذمہ داری انہیں اللہ نے دی ہے اور اپنی جتنی بھی کمائی ہے وہ اس کام پر لگا رہی ہوں۔
راکھی کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ اب وہ ٹھیک طریقے سے زندگی جی رہی ہیں، انہوں نے اللہ سے کہا تھا کہ وہ اپنے دین، قبر اور زندگی کیلئے کچھ کر سکیں، وہ دعا کرتی ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان ایک ہوجائیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راکھی ساونت نے عمرہ زائرین میں کھانا اور احرام تقسیم کیے اور عمرے کی سعادت کیلئے دبئی سے سعودی عرب روانہ کیا۔
واضح رہے کہ راکھی ساونت مشہور بھارتی اداکارہ اور رقاصہ ہیں، انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد ایک ہندوستانی مسلمان عادل درانی سے شادی کی تھی اور اپنا نام بدل کر فاطمہ رکھ لیا تھا، بدقسمتی سے ان کی شادی کامیاب نہیں رہی، انہوں نے گزشتہ سال اپنے شوہر سے علیحدگی کے بعد اکیلے عمرہ بھی ادا کیا تھا۔
راکھی ساونت نے نئے سال کے آغاز پر عمرہ ادا کرتے ہوئے بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی۔ اپنی ویڈیو میں راکھی نے کہا دنیا نیا سال منارہی ہے اور میں یہاں زیارت کر رہی ہوں، ان کا نیا سال عمرہ کی ادائیگی سے شروع ہوا ہے۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ 2025ء ان کی زندگی کا بہترین سال ہوگا، کیونکہ میں نے اس سال کی شروعات عمرے سے کی ہے۔