چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بنچ کا حکم کالعدم قرار دے دیا گیا۔
جسٹس چوہدری اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل پر فیصلہ سنایا ۔ عدالت نے نے وفاقی حکومت کی اپیل کو منظور کرلیا۔
سنگل بینچ نے چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس پر وفاقی حکومت نے چیئرمین نادرا منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کے سنگل بینچ کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ 6 ستمبر 2024 کو لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے 30 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ چیئرمین نادرا کی تعیناتی کالعدم قرار دی جاتی ہے، فیصلے کی نقل وفاقی کابینہ اور وزارت داخلہ کو بھیجی جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ چیئرمین نادرا کی تعیناتی قانونی جواز کے بغیر ہے، مجاز اتھارٹی نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی سے متعلق وہ اختیار استعمال کیے، جو قانون نے انہیں تقویض ہی نہیں کیے۔