ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد، درآمدات میں 7 فیصد اور تجارتی خسارہ میں 2.9 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جو لائی سے جنوری تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 19.584 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 17.777 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 10 فیصد زیادہ ہے، جنوری میں برآمدات کا حجم 2.953 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال جنوری کے 2.792 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 6 فیصد اور دسمبرکے 2.911 ارب ڈالر کے مقابلہ میں ایک فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں درآمدات پر 33.079 ارب ڈالر خرچ ہوئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 30.893 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 7 فیصد زیادہ ہیں۔جنوری میں ملکی درآمدات کا حجم 5.273 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے 4.756 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 11 فیصد زیادہ اور دسمبر2024کے 5.358 ارب ڈالر کے مقابلہ میں دو فیصد کم ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ کا حجم 13.495 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.117 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.9 فیصدزیادہ ہے۔
جنوری میں تجارتی خسارہ کا حجم 2.320 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے 1.964 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ اور دسمبر 2024 کے 2.447 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 5 فیصدکم ہے۔