پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی وکلاء ٹیم کے رکن فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد تحریک چلے گی اور اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے اتحادیوں سے رابطے کا کہہ دیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام نے تعاون نہیں کیا۔
فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے یہ سب کسی انجانے خوف میں مبتلا ہیں، حکومت پر بالکل اعتبار نہیں یہ سیاسی دشمنی میں کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ، بانی پی ٹی آئی کو ان لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ۔
فیصل چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھڑے بندی کی باتیں کرنے والے بھی بانی پی ٹی آئی کے تابع ہیں اور اگر کسی کی لڑائی ہے بھی تو اسے پارٹی کے اندر ہی رہنا چاہیئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری درخواستوں کے باوجود مقدمات کی اپنی مرضی سے دو تین پیشیاں ہوتی ہیں، اگر عدالتیں عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتیں توسمجھیں ملک میں نظام عدل نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا پوری دنیا میں پارٹی ورکرز کو بانی پی ٹی آئی کی صحت و زندگی کے بارے میں تشویش لاحق ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنے خطوط میں حقائق سامنے رکھے ہیں ان پر ناگواری نہیں ہونی چاہیئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عیدالفطر کے بعد ہو گی اور بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ اتحادیوں سے رابطے کریں، قوی امید ہے کہ ہم جلد حتمی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے۔