دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان بیروت میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے قافلے پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتا ہے حملے کے نتیجے میں متعدد امن فوجی زخمی ہوئے ہیں یہ ایک انتہائی قابلِ افسوس واقعہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سفیر شفقت علی خان واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشن پر ہونے والے ان حملوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہاقوام متحدہ کے امن مشنز کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ایسے حملے عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی امن مشنز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تصدیق کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بیروت میں اقوام متحدہ کے امن مشن (UNIFIL) پر حالیہ حملہ اس وقت ہوا جب مشن کا قافلہ اپنے معمول کے گشت پر تھا۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کا مقصد لبنان میں استحکام کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ تنازع کو روکنا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب اقوام متحدہ کے امن مشن کو حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے ماضی میں بھی مختلف ممالک میں امن مشنز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں کئی امن اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کو عالمی سطح پر تنازعات کو کم کرنے، جنگ زدہ علاقوں میں استحکام لانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان خود بھی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس کے ہزاروں فوجی مختلف ممالک میں تعینات رہے ہیں اس تناظر میں پاکستان کا یہ مؤقف ہمیشہ رہا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کو مکمل تحفظ دیا جائے اور ان پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔