ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) رافیل ماریانو گروسی نے 12 اور 13 فروری کو پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور جوہری توانائی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جہاں پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بات چیت میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔
رافیل گروسی نے اپنے دورے میں چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چیئرمین نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی ملاقات کی،انہیں جوہری سائنس، توانائی کی پیداوار اور نیوکلیئر سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی لاہور میں انہوں نے انمول اسپتال کا دورہ کیا اور پاکستان میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے چشمہ پاور پلانٹ یونٹ 5 کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی دورہ کیا اور وہاں جوہری توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا ہے۔ انہوں نے چشمہ میں ایک ریڈیو ایکٹیو ویسٹ انسینریٹر کا بھی افتتاح کیا، جو جوہری فضلے کے محفوظ اور مؤثر انتظام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) رافیل ماریانو گروسی نے "ویمن ان نیوکلیئر فیلڈ" کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی اور اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ کے ایک سیمینار میں خطاب کیا، پاکستان کے جوہری توانائی پروگرام کو دنیا کے کامیاب ترین پروگراموں میں سے ایک قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) رافیل ماریانو گروسی کا دوسرا دورہ تھا اس سے قبل وہ 2023 میں بھی پاکستان آئے تھے۔ ان کے اس دورے کو پاکستان کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔