اڈیالہ جیل کے باہر فود چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی، فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ ماردیا، وکیل رہنماء زمین پر گر گئے، دونوں رہنماؤں کی ایک دوسرے کو گالیاں، جیل عملے نے بیچ بچاؤ کرادیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اڈیالہ جیل کے باہر لڑ پڑے، فواد چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی، سابق وفاقی وزیر نے وکیل رہنماء کو تھپڑ مار دیا، شعیب شاہین زمین پر گر گئے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں بازو پر چوٹ آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں، فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو ٹاؤٹ کہا، جس پر شعیب شاہین نے جواب دیا کہ تم اپنے کام سے کام رکھو۔
اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر موجود جیل عملے نے دونوں میں بیچ بچاؤ کرایا، جھگڑے کے بعد فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔
پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے، پاکستان میں نظام انصاف ختم ہوچکا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عوام کی امید ختم ہوچکی ہے، عوام اور فوج کے درمیان خلیج کی وجہ اسٹیبلشمنٹ ہے، عوام میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، فواد چوہدری اسٹیبلشمنٹ کا ٹاؤٹ ہے، ان کی معاشرے میں کوئی عزت نہیں، فواد چوہدری کو اس کی حرکت سے بڑھ کر جواب دیا ہے، فواد چوہدری ہماری پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہا ہے، اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
شعیب شاہین نے مزید کہا کہ فواد چوہدری سے میرا کوئی راضی نامہ نہیں ہوا، فواد چوہدری پلاننگ کرکے آیا تھا اس نے مجھ پر حملہ کیا ہے، بانی نے فواد چوہدری کی حرکت کی شدید مذمت کی ہے۔