پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کا کہنا ہے کہ شہدا کا مذاق اُڑانے والوں کا پی ٹی آئی اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سماء کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کیلئے ٹروتھ اینڈ ری کنسی لیشن کمیشن بنانے کا کہا ہے ، ملک کو آگے لے جانے کیلئے صرف بانی پی ٹی آئی نہیں ، سب کو سچ بولنا ہوگا ، جو شہدا کا مذاق اُڑائے اس کا پی ٹی آئی اور پاکستان سے تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کا آرمی چیف کو خط لکھنا بڑی بات ہے، یہ تاریخ کا حصہ بن گیا، انکے خطوط میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی عملداری شامل ہے ، خطوط میں لکھا گیا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے ، انہوں نے ہمیشہ فوج کا دفاع کیا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بیرسٹر گوہر نے جماعت کو چلایا ، ہم نے پارٹی کو یکجا رکھنا ہے ، بانی پی ٹی آئی اور اسیروں کی رہائی اہم ہے ، بیرسٹر گوہر ، سلمان اکرم راجا ، شیرافضل مروت نے قربانیاں دی ہیں ، شاندانہ گلزار کا بیان میری نظر سے نہیں گزرا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو شیر افضل مروت کو خود سننا چاہیے اور موقع دینا چاہیے ، اُمید ہے ڈسپلن سے متعلق شیر افضل مروت احتیاط کریں گے ، شیر افضل مروت کا حق ہے کہ انہیں سنا جائے ، اُمید ہے قیادت بیچ میں آئے گی ، شیر افضل کا مسئلہ حل ہوگا۔