ترکیہ کےصدررجب طیب اردوان دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد میں صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے نورخان ایئربیس پر ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان کا استقبال کیا۔اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ و دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے استقبال کے لیے موجود رہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستانی فضاؤں میں شاندار خیر مقدم کیا گیا پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے JF-17 طیاروں نے ان کا فضائی استقبال کیا اور انکے جہاز کو اپنی حصار میں اسلام آباد لائے. ترک صدر2روزہ دورے میں صدر زرداری،وزیراعظم اور دیگر قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔
نورخان ایئربیس پہنچنے پر ملٹری بینڈ نے بھی روایتی انداز میں ترک صدر کا استقبال کیا، روایتی لباس میں ملبوس اسکول کے بچوں نے ترک صدر کو خوش آمدید کہا، صدر رجب طیب اردوان کی آمد پر ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
سرکاری حکام کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماء پاک ترک ہائی لیول اسٹرٹیجک کونسل کے7ویں اجلاس کی مشترکہ صدرات کریں گے اوراہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بات کریں گے اورپاک ترک قائدین غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ترک صدراردوان اورشہبازشریف کابزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب ہوگا خطاب میں بزنس فورم میں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے اور سربراہان شریک ہوں گے اورسیشن کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔