پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا۔
پی ٹی آئی ایم این اے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو انہیں نکالنے کی ہدایات دے دیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما جلد شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے اس معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنی پارٹی کے لوگوں نے بار بار بدنام کیا اور اگر مجھے پارٹی سے نکالا گیا تو فیصلے کا خیرمقدم کروںگا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں روزانہ کی ٹرولنگ سے بیمار ہوگیا ہوں اور پارٹی ڈسپلن کی وجہ سے سازشیوں کو جواب نہیں دے سکا، وفاداری کا بدلہ یوں لیا جائے گا تو آئندہ پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کیلئے کوئی آگے نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون بھی میرے خلاف سازش میں شامل ہے ، ان کا مقابلہ کرنا ہے، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی افواہوں پر کان دھرنے کی عادت کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور میں بتاؤں گا کہ انہوں نے پارٹی کو کتنا نقصان پہنچایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ میرے لیڈر رہیں گے اور اب سے پارٹی ڈسپلن کو اپنی جیب میں رکھیں۔