راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں دو گواہوں کے بیانات قلمبند ہوگئے۔
بدھ کے روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی جس کے دوران اٹک جیل میں ملزمان کی شناخت کرنے والے مجسٹریٹ محمود عالم نے بیان ریکارڈ کرایا۔
ساڑھے تین سو صفحات پر مشتمل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی جبکہ راولپنڈی پولیس کے سب انسپکٹر احمد یار کا بیان بھی قلم بند کر لیا گیا۔
سب انسپکٹر احمد یار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 9 مئی کو علی امین گنڈا پور اور شہریار آفریدی فیض آباد سے مظاہرین کو لیڈ کرتے ہوئے جی ایچ کیو آئے اور گرفتار ملزمان نے بیان دیا کہ دونوں رہنماؤں نے انہیں جی ایچ کیو جانے پر اکسایا جبکہ ملزمان نے اپنے زیر استعمال موبائل فون سے پارٹی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات سنے تھے۔
سماعت کے دوران ملزمان سے برآمد موبائل فون، پیٹرول بم اور ڈنڈے بھی بطور ثبوت پیش کیے گئے ۔
بعدازاں، عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
آئندہ سماعت پر مقدمہ کے مدعی سب انسپکٹر ریاض بطور گواہ عدالت میں پیش ہوں گے۔