انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 9 پیسے کی تنزلی سے 279.26 روپے پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ منگل کو ڈالر 279.17 روپے پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر ٹیرف کی وجہ سے ہونیوالی تیزی سے پیچھے ہٹ گیا جس کے نتیجے میں یہ حالیہ بلند سطح سے نیچے آگیا کیونکہ تاجر امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار اور وسیع تر تجارتی صورتحال سے متعلق خبروں کے منتظر تھے۔
بدھ کی صبح ڈالر 0.3 فیصد مضبوط ہوا اور ایک ہفتے میں پہلی بار 153 ین سے اوپر پہنچا لیکن دوسری جگہوں پر اس میں معمولی کمی دیکھی گئی اور یورو کے مقابلے میں 1.0357 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
یورپی یونین، میکسیکو اور کینیڈا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کے فیصلے کی مذمت کی اور یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیئن نے کہا ہے کہ جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔
سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکی ٹیرف ڈالر کیلئے مثبت ثابت ہونگے، کیونکہ یہ تجارتی بہاؤ کو ازسرِنو ترتیب دیں گے اور دیگر ممالک کو اپنی کرنسیوں کی قدر کم کرنے پر مجبور کریں گے تاکہ ان محصولات کا اثر کم کیا جاسکے۔