فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں 31 جولائی تک توسیع کردی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ فیفا نے موجودہ نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں 31 جولائی 2025ء تک توسیع کردی۔
رپورٹ کے مطابق فیفا کی جانب سے موجودہ نارملائزیشن کمیٹی کے رکن سعود عظیم ہاشمی کو چیئرمین نامزد کیا گیا ہے، وہ 16 فروری کو ہارون ملک کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ محمد شاہد نیاز کھوکھر اور حارث عظمت بطور ارکان کمیٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان کو 4 مارچ تک فیفا کی پابندی ہٹانے کیلئے مہلت دے دی، فیفا کی پابندی برقرار رہی تو پاکستان ایشین کپ کوالیفائر سے باہر ہو جائیگا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو 25 مارچ کو شام کیخلاف ایشین کپ کوالیفائر کھیلنا ہے، فیفا کی پابندی نہ ہٹا پانے کی صورت میں پاکستان ایشین کپ کوالیفائر میں شرکت کا اہل نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اے ایف سی پابندی کا شکار ملک کو تین ہفتے میں رپورٹ کرنے کی مہلت دیتا ہے، رپورٹ جمع نہ کرانے پر اے ایف سی یا فیفا کے کسی ایونٹ میں شرکت ممکن نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت کئی بار معطل کی جاچکی ہے۔