سال 2024 کی طرح 2025 میں بھی پاکستان پولیو وائرس کی زد میں ہے۔ چاروں صوبوں کے مزید 21 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں خطرناک وائرس نکل آیا ۔
ملک کے جن اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، ٹانک، چارسدہ ، صوابی اور آزادکشمیر کا دارالحکومت مٖظفرآباد شامل ہیں۔
بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی ، خضدار ، نوشکی ، لسبیلہ ، حب ، نصیرآباد کے نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ پنجاب میں لاہور کےتین مقامات کے نمونوں کے علاوہ ڈی جی خان ، ملتان ، بہاولپور اور جھنگ میں بھی پولیو وائرس موجود ہے ۔
کراچی ایسٹ کے سیوریج نمونوں میں بھی پولیووائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ اکیس اضلاع کے سیوریج نمونے آٹھ سے تئیس جنوری کےدوران حاصل کئے گئے تھے ۔ رواں سال پاکستان میں اب تک ایک بچے کو بھی پولیو وائرس متاثرکر چکا ہے۔