عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر استحکام پاکستان پارٹی نے یوم تشکر منایا اور اس موقع پر پارٹی کے اپر مال روڈ پر اواقع آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شرکت کی اور پارٹی قائدین کے ہمراہ کیک کاٹا ۔
عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت کے اتحادی ہیں، ترقی کے لئے ساتھ دیتے رہیں گے، کسی ایک محکمے میں ایک بھی سکینڈل نہیں آیا، یہ کریڈٹ بھی وزیر اعظم کا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ حکومت کو 4 سال اور ملے تو بہت بہتر پاکستان ہو گا، اپنا حصہ ڈالیں، ملک بچے گا تو کسی کی دستار بچے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور اس کا وقار ہے تو آپ سب کی سیاست ہے، کے پی کے میں جا کر ہسپتالوں، سکولوں اور اداروں کی حالت دیکھ لیں، 4 سال حکومت کرنے والوں نے دودھ اور شہد کی نہریں کیوں نہیں بہائیں۔۔؟ ، لوگوں کو سکھ کا سانس لینے دیں، منفی سیاست مسترد کر دیں،آج مہنگائی، افراط زر اور بینک ریٹ میں کمی ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو دیوالیہ دیکھنے والوں کی خواہشات خاک میں مل گئیں، معیشت کی مضبوطی سےعوام کے دکھ درد میں کمی لا رہے ہیں، ملک جہاں ایک سال پہلے تھا آج اس سے کہیں بہتر اور مثبت حالات میں ہے، آج پاکستان کو تخریبی نہیں تعمیری سیاست کی ضرورت ہے۔