شاہ محمود قریشی بیٹی مہربانو قریشی، جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی سمیت متعدد افراد کو ملتان سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملتان میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی، جاوید ہاشمی کے داماد مخدوم زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہار کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے اور ریلی نکالنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
مہربانو قریشی، مخدوم زاہد بہار ہاشمی اور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ قاسم ہاشمی نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں کیساتھ متعدد کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان کو پل چٹھہ مخدوم رشید سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کو منتشر کردیا، کئی کارکنان فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری 2024ء کے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے آج ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔