سعودی فوڈ چین البیک نے پاکستان میں اپنی شاخیں کھولنے کا اعلان کردیا، وزیر تجارت سے ملاقات میں رامی ابو غزالہ نے تصدیق کردی۔ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ فوڈ چین کے پاکستان آنے سے روزگار میں اضافہ ہوگا، سعودی عرب کو برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ہوا، سعودی عرب سے پاکستانیوں نے 7.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی حجم میں مزید اضافے کے امکانات روشن ہوگئے، معروف فوڈ چین البیک نے پاکستان میں اپنی شاخیں کھولنے کی تصدیق کردی، معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔
وزیر تجارت جام کمال خان کی البیک کے مالک رامی ابو غزالہ سے خصوصی ملاقات ہوئی، ملاقات میں فاسٹ فوڈ چین کی پاکستان آمد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جام کمال نے کہا کہ البیک کی پاکستان آمد سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
معاہدے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کے کن کن شہروں میں البیک کی شاخیں ہوں گی تاہم توقع کی جارہی ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں سعودی فوڈ چین کی شاخیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی جدہ میں اہم سعودی تاجروں سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی سرمایہ کاروں نے توانائی، زراعت، آئی ٹی اور تعمیراتی شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ سعودی عرب کو برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ہوا، تجارتی حجم 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے، سعودی عرب سے پاکستان کو 7.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
وزیر تجارت جام کمال نے سعودی تاجروں سے ملاقات میں مالی تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ پاکستانی ورکرز سعودی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، نئی ویزا پالیسی کے تحت جی سی سی شہریوں کو ویزا فری انٹری اور 90 دن تک قیام کی سہولت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول ہے، سعودی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، سنگل ونڈو اور نیشنل کمپلائنس سینٹر کے ذریعے کاروباری سہولیات میں بہتری آئی ہے۔