موبائل پیکجز مہنگے کرنے پر عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی اے نے ٹیلی کام کمپنیوں کو ماہانہ بنیاد پر قیمتیں بڑھانے سے روک دیا۔نئے پیکج یا قیمتوں میں اضافے سے پہلے پی ٹی اے کی اجازت لازمی قرار دے دی گئی۔
پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو پیکجز کی قیمت 30 دن بعد بڑھانے کی اجازت بھی ختم کر دی ۔ اب کسی نئے پیکج کے اجرا یا موجودہ پیکجز مہنگے کرنے سے پہلے پی ٹی اے کی پیشگی اجازت لازمی ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ضابطوں کے تحت موبائل پیکجز کی قیمتیں ہر مہینے نہیں بڑھائی جا سکیں گی بلکہ قیمتوں میں اضافہ صرف سہ ماہی بنیادوں پر ممکن ہو گا۔ پی ٹی اے نے مارکیٹ میں توازن برقرار رکھنے کے لیے ٹیلی کام آپریٹرز کی سخت نگرانی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 نافذ کر دیے گئے ہیں جن کے تحت کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد ہوں گی۔ذرائع کے مطابق کمپنیوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 10 سے 20 فیصد تک اضافے کی اجازت دی جا سکے گی۔





















