پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 128 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر کے بعد بارش نے کھیل روک دیا ، جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس 41 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ توحید ہریدوئے نے 28 رنز بنائے ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خوا ہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا
پاکستان کی جانب سے حارث روف اور معاذ صداقت نے 3 ، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 ، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم 47.3 اوورز میں 274 رنز بنا کر آوٹ ہوئی ، اختتامی اوورز میں قومی ٹیم کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور سلمان آغا کی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ پاکستان کی آخری سات وکٹیں صرف 43 رنز پر گر گئیں۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 46 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سلمان آغا نے 62 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 59 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے۔
دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان31، شامل حسین 6، حسین طلعت، 9 رنز بنا سکے۔ عبدالصمد نے 11، شاہین شاہ آفریدی نے 3 اور فہیم اشرف نے 14 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے راشد حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔





















