فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت کومعطل کردیا ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن( پی ایف ایف ) نےاپنے آئین میں وہ ترامیم نہیں کیں جو شفاف اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنانے اور فیفا کے طے شدہ اصولوں کے مطابق پاکستان فٹ بال کے نارملائزیشن عمل کا حصہ ہیں۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف )کانگریس فیفا اورایشین فٹ بال کنفیڈریشن(اے ایف سی)کی جانب سے پیش کردہ آئین میں ترامیم کو منظور کرے گا تاکہ یہ فیفا کی گورننس اور انتخابات کے معیار کے مطابق ہو۔
اس سے قبل فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے پی ایف ایف کو اپنے آئین میں ترامیم کرنے کی سفارش کی تھی، خاص طور پر انتخابی عمل سے متعلق شقوں میں تبدیلی کا کہا گیا تھا۔ تاہم پی ایف ایف کی منتخب کانگریس نے ان ترامیم کو مسترد کر دیا جس کے نتیجے میں یہ معطلی عمل میں آئی۔