پی آئی اے کی برطانیہ کے لئے پروازوں کی بحالی کیلئے برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ اور سی اے اے ٹیم کی جانب سے پی آئی اے آڈٹ مکمل کرلیاگیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے )کی برطانیہ کے لئے پروازوں کی بحالی سے متعلق جاری آڈٹ کے آخری روز فلائٹ آپریشن،ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ،انجینرنگ، فلائٹ سیفٹی اوردیگرشعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دوران آڈٹ سیفٹی ایکشن گروپس کی رپورٹس،شکایات اوران کا تدارک کئے جانے کا دورانیہ بھی زیر غورآیا ہے۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے )کے مطابق جاری آڈٹ کا آج آخری روز تھا جو بھی فیصلہ ہوگا اس حوالے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے)کی برطانیہ کے لیے پروازیں جولائی 2020 میں اس وقت معطل کر دی گئی تھیں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس ای ) نے پاکستانی پائلٹس کے لائسنسنگ اسکینڈل کے بعد پی آئی اے کی یورپ اور برطانیہ میں پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔