بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں رپورٹ کر دی ہے، جہاں ان کے کمر کی انجری کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ ان کی چوٹ کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
بمراہ کو آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کے دوران کمر کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں مزید طبی معائنے اور بحالی کے لیے این سی اے بھیجا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے میڈیکل پینل کے مطابق، بمراہ اگلے دو سے تین دن تک NCA میں رہیں گے، جہاں ماہرین ان کے معائنے کے بعد سینئر سلیکشن کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے۔ابتدائی طور پر انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچز سے باہر ہونے والے بمراہ کے بارے میں امید تھی کہ وہ آخری میچ میں فٹنس بحال کر کے میدان میں اتریں گے، تاہم ان کی بحالی کا عمل ابھی تک غیر یقینی ہے۔
بھارتی بورڈ کے مطابق، بمراہ کو پانچ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شمولیت کا انحصار ان کی بحالی پر ہوگا۔ اگر وہ مکمل فٹ نہ ہوسکے تو ان کی جگہ ہرشیت رانا کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔بھارتی ٹیم اور شائقین کی نظریں اب آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر کے فٹنس اپڈیٹس پر ہیں، کیونکہ ٹیم ان کے بغیر عالمی ایونٹ میں شرکت کے دباؤ میں آسکتی ہے۔