مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے واپس آنے اور استقبال میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں، مخالفین کے پاس بولنے کو کچھ نہیں تو انہوں نے جلسہ اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے۔
سماء کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ، آصف زرداری سمیت سب سیاستدانوں سے ملاقات کریں گے اور اس کے لئے انہیں خود بھی چل کر جانے پڑے تو کوئی حرج نہیں۔
Rana Sanaullah, in a candid interview with @SAMAATV, said “Pakistan needs a charter of economy to move forward.”
— SAMAA TV (@SAMAATV) October 24, 2023
"May 9 is etched in history,” he said, adding that “those uninvolved in the riots deserve an opportunity”#SamaaTV @AsimNaseer81 @RanaSanaullahPK pic.twitter.com/Vm1OTxpdSi
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چارٹر آف اکانومی پاکستان کی ضرورت ہے اور معاشی بحران سے نکلنے کے لیے سب سٹیک ہولڈز کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا کیونکہ اب تو بقا کا مسئلہ ہے اور اگر سارے ادارے اور قوم مل کرنہیں چلیں گے تو حالات نہیں سنبھل نہیں سکیں گے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ اگر پھر سے غلطیاں دہرائیں تو اپنا وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ چارٹر آف اکانومی کیوں نہیں پہلے ہو سکتا، اب معیشت کو جومسائل درپیش ہیں اس پرکوئی شک و شبہ ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی مخالفت کو چھوڑنا ہوگا اور سب کو مل کر چلنا ہوگا اور اس کے لئے دوسری جماعتیں رابطہ کریں یا نوازشریف اس میں کوئی حرج نہیں۔
9مئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے کو آپ تاریخ سے نہیں نکال سکتے، واقعات کے ذمہ داران کو عدالتی پراسس کے بغیر بری نہیں کر سکتے تاہم، پاکستان تحریک انصاف کے جو لوگ واقعات میں شامل نہیں ان کو سیاست کا موقع ملنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جو شخص کرپشن میں لوگوں کو جیلوں میں بھیج رہا تھا وہ خود کرپشن کرتا رہا، سائفرکیس میں ان کی اپنی تقریریں ان کے خلاف گواہ ہیں اور القادرٹرسٹ میں 7 ارب کی رقم ایک پراپرٹی ٹائیکون کے اکاونٹ میں ٹرانسفر ہوئی۔
الیکشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہو جانے چاہیں ، پہلے مخالفت کی تھی کہ 2 صوبوں میں علیحدہ الیکشن نہیں ہونے چاہیں، پنجاب میں سیاسی الائںس ہمارے لئے گھاٹے کا سودا ہوگا۔
رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا کہ ہم پنجاب سے 115 سے 120 سیٹیں نکال لیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں واپس آ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، یہ کوئی جھگڑا نہیں کہ مریم کی لیڈرشپ کو ہم نہیں مانیں گے، اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ چوہدری نثار نے کیوں اعتراض کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پیغام دے دیا ہے کہ مریم نواز ان کی سیاسی جانشین ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نہ انتقام لینا چاہتا ہوں اور نہ خواہش ہے، اللہ نے مجھ پر ظلم کرنے والوں پر قہر مسلط کر دیا ہے۔