لاہور میں فیروزپور روڈ پر بنائی جانیوالی بائیکرز لین ناقص پلاننگ کے باعث ٹریفک مسائل کا سبب بننے لگی۔
رپورٹ کے مطابق فیروز پور روڈ پر لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) کا 10 کلومیٹر طویل بائیکر لین بطور پائلٹ پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے لیکن لین بننے سے روڈ مزید تنگ ہوگئی ہے اور ٹریفک مسائل ناقص پلاننگ کے باعث کم ہونے کے بجائے بڑھنے لگے۔
اسکول ، کالجز اور اسپتالوں کے لیے بنے کٹ کی جانب ٹریفک مڑنے سے اس بائیکر لین پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔
افتتاح سے قبل ہی ناقص پینٹ کے باعث متعدد جگہوں سے پینٹ مدھم ہو چکا ہے اور بارش کے دوران نکاس کے لیے بھی کوئی پلاننگ نہیں کی گئی۔
بس سٹاپس پر بسوں کے رکنے کا بھی کوئی متبادل نہ دینے سے بسیں سڑک پر ہی سواری اتارتی ہیں جس سے سڑک مزید تنگ اور ٹریفک روانی متاثر ہو رہی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ بائیکرز لین کے فعال ہونے پر مسائل کم ہو جائیں گے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ منصوبے کے باعث درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے حکام کو پلاننگ کا از سرنو جائزہ لینا ہوگا۔