پاکستانی وفد کی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں آذربائیجان کے وزراء سے اہم ملاقاتیں، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں پر کام جاری ہے، 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہونگے۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کیلئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے باکو میں اہم ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی وفد نے آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف، وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف اور نائب وزیر اقتصادی امور صمد بشیری سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں تیل و گیس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ توانائی، موٹرویز، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم پاکستان اسی ماہ وسط ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں پر کام جاری ہے، 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے۔
پاکستانی وفد نے آذربائیجان کے حکام کو پاکستان کے نجکاری منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دی جس میں آذربائیجان نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
آذربائیجان کے حکام نے پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت کی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آذربائیجان کے وزیراعظم علی اسدوف سے بھی آج اہم ملاقات طے ہے، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر گفتگو ہوگی۔