اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر اعتراضات لگا دیئے۔
رجسٹرار آفس نے اپیلیں واپس کرتے ہوئے اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ رجسٹرار آفس کے مطابق اپیلوں کے ساتھ ضروری سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کیا گیا جس میں یہ بیان ہونا چاہیے کہ یہ کیس کسی دوسری عدالت میں زیر سماعت نہیں ہے۔ رجسٹرار آفس نے کچھ صفحات پر دستخط نہ ہونے کا بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کو 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو غلط کاموں میں معاونت پر 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے عمران خان پر 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔