اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صنعتی شعبے کیلئے گیس ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی جبکہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد کردی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے ای سی سی اجلاس کی صدارت کی۔ وزارت خزانہ کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس ٹیرف میں 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی گئی، کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس ٹیرف بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔
ای سی سی اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس پر گرڈ ٹرانزیشن لیوی کے نفاذ کیلئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کردی گئی، اس کا مقصد توانائی کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کا مقصد گھریلو صارفین کو اضافی بوجھ سے بچانا ہے۔
وزارت پیٹرولیم کی صنعتی شعبےمیں کیپٹو پاور پلانٹس اور گھریلو صارفین کیلئے ٹیرف میں اضافے کی تجویز تھی۔