لاہور میں غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر موٹر مکینک نے پولیس انسپکٹر کو قتل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں قتل کی لرزہ خیرز واردات سامنے آئی جہاں وردی کا رعب ڈال کر گالیاں دینے پر موٹر مکینک نے پولیس انسپکٹر کی جان لے لی اور بعد میں خود گرفتاری بھی دے دی۔
عینی شاہد نے بتایا کہ انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے موٹر مکینک عدیل کو سامان لینے بھیجا جس میں تاخیر پر گالیاں دیں تو عدیل طیش میں آگیا اور انسپکٹر سیف اللہ کی پستول اٹھا کر اسی پر گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں انسپکٹر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
بعدازاں، ملزم نے فرار ہونے کی بجائے پولیس کو گرفتاری بھی دے دی۔
انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے بابو صابو چیک پوسٹ پر بطور انچارج تعیناتی کے باعث قریب ہی رہائش رکھی تھی۔
پولیس نے مقتول کے بیٹے بابر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔