چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن اگر کمیشن نہیں بننے جارہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا اگر 7دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوگی، ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگرکمیشن نہیں بننے جارہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کیلئے مناسب نہیں وہ مذاکرات کو تعطل کا شکارکریں۔ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کےترجمان ہیں، ہم حکومت کا انتظار کررہے ہیں وہ کیا پیشرفت بتاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھبراہٹ ہے کیونکہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے، حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے، ہم سمجھتے ہیں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہمیشہ کہتا ہوں تحمل اوربرداشت کےساتھ مذاکرات پرفوکس کرنا چاہیے، بات آگے بڑھانے کیلئے جلد بازی کے بجائے تحمل سے کام لینا ہوگا۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ٹرمپ کی حلف برداری کے دعوت نامے سرکاری سطح پرنہیں آئے، ٹرمپ کے دعوت نامےپر ان کی الیکشن کمیٹی فیصلہ کرتی ہے۔ مزید کہا کہ ہماری جوملاقات ہوئی اس میں امن وامان کی صورتحال پربات ہوئی، امن و امان کی صورتحال پرملاقات کا ایشو نہیں بنانا چاہیے۔