وفاقی حکومت نے 8 فروری کو بطور یوم تعمیر و ترقی منانے کا اعلان کردیا۔
پیر کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں، مہنگائی اور شرح سود میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری جاری ہے جبکہ دنیا کے بہترین مالیاتی ادارے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 8 فروری کو بطور یوم تعمیرو ترقی منانے کا اعلان کیا ہے، الیکشن کے بعد سے ایک سال کامیابیوں کا رہا ہے، 8 فروری کو نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈ دیں گے اور نوجوانوں کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جائے گا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات سیاسی استحکام کے لیے ہیں، امید رکھتا ہوں کہ انشاءاللہ مذاکرات کا اچھا رزلٹ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ پاکستان کے کرکٹ گراؤنڈ ویران ہو گئے ہیں لیکن اب ہم چیمپینز ٹرافی کی میزبانی کریں گے اور دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں گی، انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان واپسی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اور پی سی بی کی ساری مینجمنٹ نے آئی سی سی کے وفد سے کامیاب گفتگو کی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔