پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف جلد اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔
اتوار کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا 190 ملین پاؤنڈ کیس کے حوالے سے کہنا تھا کہ برطانوی عدالت کے مطابق معاہدہ ملک ریاض اور این سی اے درمیان تھا اور رقم پاکستان میں سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونا معاہدے میں طے تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے 3 دسمبر کے اجلاس سے پہلے 29 نومبر کو 100 ملین پاؤنڈ آچکے تھے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ریاست کا پیسہ کابینہ کی منظوری سے سپریم کورٹ کو دینے کی بات غلط ہے، رقم سپریم کورٹ کو ملی اور سپریم کورٹ کی صوابدید تھی کہ وہ پیسہ ملیر بورڈ کو دیتی، وفاقی یا صوبائی حکومت کو دیتی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مناسب سمجھا کہ پیسہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں بانٹ دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔