پاکستان نے ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیدی، مہمان ٹیم 251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ساجد خان نے 5، ابرار احمد نے 4 اور نعمان علی نے ایک شکار کیا، ایلک ایتھانیز 55 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 251 رنز کا ہدف ملا، مہمان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 16 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی، کپتان کریگ بریتھویٹ کو ساجد خان نے آؤٹ کیا، کیسی کارٹی 6، کاویم ہوج صفر پر پویلین لوٹے، میکائل لوئس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جسٹسن گریوز 9 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، ٹیون املاچ 14، کیون سنکلیئر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گداکیش موتی اور جومل وریکن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ایلک ایتھانیز نے پاکستانی اسپنرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 4 اور نعمان علی نے ایک شکار کیا۔
اس سے قبل ملتان ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنی دوسری اننگز 109 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، سعود شکیل مزید کوئی رن بنائے صرف 2 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان بھی 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے، کامران غلام 27رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔
نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے، خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے، سلمان علی آغا 14 رنز بناسکے۔
گزشتہ روز کپتان شان مسعود 52، محمد ہریرہ 29 اور بابر اعظم 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 251 رنز کا ہدف ملا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے وریکن نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، موتی نے ایک وکٹ لی، پاکستان کے دور کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔