بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان پر حملہ کرنیوالے شخص کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم تین دن بعد بھی ہاتھ نہ آیا، گزشتہ روز گرفتار کئے گئے شخص کو پولیس نے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا، گرفتار شخص اصل ملزم کا ہم شکل تھا، واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
بھارتی پولیس کے مطابق سیف علی خان پر حملہ کرنیوالے ملزم کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں وہ ممبئی میں ہی ہینڈ فری خریدتے ہوئے نظر آتا ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق اب تک 4 سی سی ٹی وی کیمروں میں ملزم کا چہرہ آچکا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیف علی خان کی گھریلو ملازمہ کے مطابق حملہ آور نے اداکار سے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔
جمعرات کو بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان کو ان کے گھر کے باہر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں خون میں لت پت لیلا وتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا 2 گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔
سیف علی خان کو جمعہ کے روز آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کردیا گیا، وہ اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت بہتر ہے۔