بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر آج صبح گھر میں ایک نامعلوم حملہ آور کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہوئے تاہم اب انکشاف ہواہے کہ حملہ آور نے اداکار سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر ان کے باندرہ کے گھر میں جمعرات کی صبح ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا۔ ان کے بڑے بیٹے ابراہیم خان نے فوری طور پر اداکار کو آٹو رکشے کے ذریعے لیلاوتی اسپتال پہنچایا، جبکہ چاقو ان کی کمر میں لگا ہوا تھا۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حملہ آور نے حملہ کرنے سے پہلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
سیف علی خان کو چھ بار چاقو سے زخمی کیا گیا، جن میں دو گہرے زخم ان کی کمر پر لگے، ایک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا، جو نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا تھا، جبکہ ان کے گلے پر بھی معمولی چوٹ آئی۔
لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ اداکار کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ نیورو سرجن ڈاکٹر نیتن ڈانگے نے بتایا کہ چاقو، جو ان کی تھوراسک اسپائن کے قریب پھنسا ہوا تھا، کامیابی سے نکال دیا گیا ہے۔
حملہ آور کون تھا؟
ممبئی پولیس کے مطابق، حملہ آور اداکار کے ایک ملازم کا رشتہ دار ہے، جس نے اسے گھر میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ مذکورہ ملازم سے تفتیش جاری ہے۔ حملہ آور کو گھر کے ایک کمرے میں بند کر دیا گیا تھا، لیکن وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ممبئی پولیس نے حملہ آور کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
یہ واقعہ سیف علی خان کے مداحوں میں شدید تشویش کا باعث بنا ہے، جو ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔