وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اسکیموں کا اجراء کر دیا۔
آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاد سود قرضے دیئے جائیں گے اور قرضوں کی ادائیگی بھی آسان ترین اقساط میں ہوگی جبکہ آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 5 سے 10لاکھ روپے تک قرضے دیئے جائیں گے۔
ان سکیموں سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند آج ہی آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں جبکہ اسکیموں کے لئے مزید معلومات ہیلپ لائن 1786 کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
دونوں سکیموں کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے انقلابی اسکیموں کا آغاز کیا ہے، یہ اسکیمیں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے ہی معیشت کا پہیہ چلتا ہے، آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد اسکیمیں ہیں، پہلے کاروبار شروع کرنا آسان نہ تھا لیکن ہم نے ان سکیموں کے ذریعے کاروبار کو آسان بنا دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار شروع کرنے کیلئے نہایت رعایتی نرخوں پر زمین بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ کا پہلا پروگرام ہے جس کے تحت 3 کروڑ روپے تک کا قرضہ 100 فیصد بلاسود دیا جا رہا ہے اور قرضے کے حصول کیلئے فوری طور پر کسی این او سی ، لائسنس اور نقشہ پاس کرانے کی بھی ضرورت نہیں، آج قرضہ حاصل کریں اور کل اپنے کاروبار شروع کریں، یہ بلاسود قرضے بینک آف پنجاب کے ذریعے دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کی برآمدات بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے پر مزید مراعات دیں گے اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے والوں کو 50 لاکھ روپے تک کی مالیت کا سولر سسٹم بھی فری دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان سکیموں کے ذریعے ایس ایم ایز کے لئے ایسی نئی راہ متعین ہوگی جس کی منزل خوشحال پنجاب ہے، نوجوان کاروباری افراد ان سکیموں سے فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار کو وسعت دیکر معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے جبکہ حکومت کی ان بلاسود قرضوں کی سکیموں سے اقتصادی ترقی کو نئی جہت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے اقتدار میں آنے سے قبل ملک کی معیشت ڈوب رہی تھی، ہر طرف پاکستان کے ڈیفالٹ کر جانے کی باتیں ہورہی تھیں لیکن وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شب روز کی محنت سے پاکستان ان خطرات سے باہر نکلا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور میں ترقی کی شرح 5.7 کے قریب تھی، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہوچکا تھا اور ملک معاشی طور پر مستحکم تھا لیکن بد قسمتی سے گزشتہ 4 سال کے دور اقتدار میں ملک تباہی سے دوچار ہوا اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد پر آگئی ہے، ڈالر 104 روپے سے بڑھ کر پونے 300 روپے تک چلا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے قومی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں جبکہ ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں اور سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کو کراس کر چکی ہے۔