چاقو حملے میں زخمی ہونیوالے بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان کو آئی سی یو سے وارڈ میں شفٹ کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سیف کی حالت خطرے سے باہر اور صحت بہتر ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار سیف علی خان کی صحت بہتر ہورہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیف علی خان کو آئی سی یو سے وارڈ میں شفٹ کردیا گیا، سیف علی خان کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں واک کرائی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بالی ووڈ اداکار کو ایک ہفتے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان پر حملے کے مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے، شک کی بنیاد پر گرفتار شخص سے باندرہ پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک شخص نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں معروف اداکار سیف علی خان کے فلیٹ میں گھس کر ان پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئے، بالی ووڈ اسٹار کو 6 زخم آئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کو زخمی حالت میں ان کے بیٹے ابراہیم علی خان رکشہ میں اسپتال لے کر گئے، جہاں ان کی 2 گھنٹے سے زائد سرجری کی گئی۔