جیک موٹرز پاکستان، جو حال ہی میں گندھارا آٹوموبائلز کے اشتراک سے مقامی آٹو انڈسٹری میں داخل ہوئی ہے، نے اپنے نئے لانچ کردہ ٹرک جیک T9 ہنٹر کی بکنگ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی نے سوشل میڈیا پر جاری نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ"آپ کے بے مثال اعتماد اور زبردست ردعمل کی بدولت، ہم جیک T9 ہنٹر کی بکنگ آج 15 جنوری 2025 کے اختتامِ کاروبار (COB) کے بعد عارضی طور پر بند کر رہے ہیں۔"
کمپنی کے مطابق، اس اقدام کا مقصد وقت پر ڈیلیوری کو یقینی بنانا اور معیار کو برقرار رکھنا ہے۔ کار اسمبلر نے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے زبردست اعتماد اور حمایت کو سراہا۔
قیمت
حال ہی میں متعارف کروائی گئی گاڑی جیک T9 ہنٹر کو عوامی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اور اس کا مقابلہ ٹیوٹا کی ’ ریوو‘ کے ساتھ کیا جارہاہے تاہم اس کی قیمت 9,750,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
جیک T9 ہنٹر: ایک مختصر جائزہ
جیک T9 ہنٹر پاکستانی مارکیٹ میں ایک دلچسپ اضافہ ہے، جو گزشتہ ایک دہائی سے ٹویوٹا ہائیلکس ریوو کی حکمرانی والے سیگمنٹ کو ایک نیا متبادل فراہم کرے گا اور مارکیٹ میں مسابقت کو بڑھائے گا۔
فرنٹ ڈیزائن
جیک T9 ہنٹر کا فرنٹ ڈیزائن ایک جارحانہ انداز پیش کرتا ہے۔بڑی فرنٹ گرل، پیانو بلیک میش ڈیزائن کے ساتھ کروم لائننگ دی گئی ہے ۔ دو پرت والے ہیڈلائٹس، جن میں اوپر DRLs اور نیچے فلاڈ لائٹس اور LED ہیڈلائٹس شامل ہیں۔
ڈیزائن میں پیانو بلیک اور میٹ گرے ایکسنٹس کا استعمال کیا گیاہے ۔
انجن
اس گاڑی میں 2 ہزار سی سی کا ڈیزل ٹربو انجن نصب کیا گیاہے جو کہ 168 ہارس پاور اور 410 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ابتدائی ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی سامنے آئی ہے لیکن طویل مدتی ٹیسٹنگ باقی ہے۔