امریکا میں سردی کی شدید لہر کے باعث نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری عمارت کے اندر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سردی کی شدید لہر کی وجہ سے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری انڈور کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حلف برداری اب کپیٹل روٹنڈا میں ہوگی جہاں صرف مخصوص مہمانوں کو داخلے کی اجازت ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق آخری بار 1985ء میں صدر رونالڈ ریگن نے شدید سردی کے باعث انڈور حلف اٹھایا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ حلف برداری کے بعد ون ایرینا میں حامیوں سے خطاب کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 20 جنوری کو درجہ حرارت 18 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ سرد ہواؤں کے باعث سردی 11 ڈگری محسوس ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی تقریب حلف برداری کیلئے سابق امریکی صدور، حکومتی اور سرکاری حکام، بزنس مین اور دیگر اہم شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔